میئر تربت بلخ شیر قاضی کا شمالی چاہسر کا دورہ، جامع مسجد گلی میں ٹف ٹائلز کے کام کا معائنہ

تربت: میئر میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی نے پیر کے روز شمالی چاہسر کا دورہ کر کے میونسپل کارپوریشن کے فنڈز سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جامع مسجد گلی میں ٹف ٹائلز بچھانے کے منصوبے سمیت دیگر جاری اسکیموں کا جائزہ لیا اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
میئر نے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
دورے کے دوران علاقے کے کونسلرز، نیشنل پارٹی کے کارکنان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں، جنہوں نے ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے شہری مسائل کے حل کے لیے میئر کے اقدامات کی تعریف کی۔
علاقہ مکینوں نے میئر سے ملاقات میں کہا کہ شمالی چاہسر اور شہر کے دیگر دور افتادہ علاقے، جو ماضی میں نظرانداز ہوتے رہے، اب ترقیاتی سرگرمیوں کا مرکز بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات مقامی آبادی کے لیے حوصلہ افزا ہیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔
میئر بلخ شیر قاضی نے عوام، کونسلرز اور سیاسی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ میونسپل کارپوریشن کے وسائل محدود ہیں تاہم عوام کی خدمت کا جذبہ غیر محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ہی ان کی طاقت ہے، اور وہ دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر کے ہر علاقے میں عوامی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کے تسلسل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











