اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک

کوہاٹ: قبائلی ضلع اورکزئی کی اپر تحصیل کے دورافتادہ علاقے ڈبوری میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 10 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ڈبوری کے علاقے نری گڑھی میں دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی میں آٹھ سے دس دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے پانچ کی لاشیں تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈکوارٹر کلایہ منتقل کر دی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ کارروائی کے بعد ہلاک شدگان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور مبینہ طور پر جہادی لٹریچر برآمد ہوا، جس میں ایم 16 رائفل، شارٹ مشین گنز اور آر پی جی سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے۔
تاہم ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد اور برآمد شدہ سامان سے متعلق سرکاری سطح پر مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔











