دیہی خواتین کا عالمی دن: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا خواتین کاروباریوں کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر آگاہی سیشن

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر دیہی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیرِ اہتمام کاروباری خواتین کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (BFC) سے متعلق آگاہی سیشن منعقد ہوا، جس میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے آئی خواتین انٹرپرینیورز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے صوبے کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا وژن ہے کہ خواتین اور نوجوانوں کو کاروبار اور ہنرمندی کی طرف راغب کیا جائے اور انہیں ہر ضروری سہولت دی جائے تاکہ وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کر کے صوبے کی معاشی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔
بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کیا کرے گا
انہوں نے بتایا کہ بی ایف سی کے ذریعے خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے رہنمائی، سہولیات اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں مدد فراہم کی جائے گی تاکہ ابتدائی مشکلات کم ہوں۔ ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون نے بی ٹیوٹا کی خدمات پر روشنی ڈالی، جبکہ سی ای او سرمایہ کاری بورڈ عبدالمنان نے ادارے اور بی ایف سی کی خدمات اور کاروباری سہولیات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر پینل ڈسکشن بھی ہوئی جس میں سیکرٹری ترقیِ نسواں شیر شاہ غلزئی، منیجر سمیڈا محمد اقبال، سبی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کی سربراہ نازنین درانی، ایس آئی اے کے شریک بانی نثار آغا اور ڈوچ پاکستان کی سی ای او دیدار مینگل شریک ہوئیں۔ شرکا نے خواتین کو کاروباری مواقع، ادارہ جاتی معاونت اور ہنرمندی سے متعلق معلومات دیں۔
تقریب میں خواتین انٹرپرینیورز نے اپنی مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے، جن کے ذریعے مقامی مصنوعات اور خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











