قلعہ سیف اللہ: ڈپٹی کمشنر ساگر کمار کی زیرِ صدارت بی ایس ڈی آئی فیز 2 اسکیموں کا جائزہ

قلعہ سیف اللہ: ڈپٹی کمشنر ساگر کمار کی زیرِ صدارت بی ایس ڈی آئی فیز 2 کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جامع اور تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، تکنیکی ماہرین اور مقامی نمائندگان نے شرکت کی۔ مولوی نور اللہ بھی موجود تھے اور علاقے کی ترقی، عوامی ضروریات اور زمینی حقائق پر اپنی آرا پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کی تازہ ترین پیش رفت، درپیش مشکلات، مالیاتی ضروریات اور تکمیل کے ممکنہ اوقات کار پر واضح اور جامع بریفنگ دیں۔
افسران نے سڑکوں کی تعمیر، تعلیم و صحت کے منصوبوں، پانی کی فراہمی، زرعی ترقی، ماحولیات اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے معیار کو بہتر بنانے، شفافیت یقینی بنانے اور عوامی بہبود کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسکیمیں بروقت مکمل کی جائیں اور ترقیاتی عمل میں سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مولوی نور اللہ نے علاقے کے عوامی مسائل، ضروریات اور ترجیحات پر روشنی ڈالی اور ترقیاتی منصوبوں میں حکومت کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی ایس ڈی آئی فیز 2 کے منصوبے علاقے کی پسماندگی دور کرنے میں مؤثر ثابت ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ تحریری شکل میں پیش کریں اور فیلڈ وزٹ کے دوران عوامی شکایات اور مسائل کا براہِ راست جائزہ لیا جائے۔











