کوہلو میں سڑکوں، پانی، بجلی اور نکاسی آب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز

کوہلو: رکن صوبائی اسمبلی نواب چنگیز مری کی ہدایت پر ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کر دیا گیا ہے۔
عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے آمدورفت کے ذرائع، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پینے کے صاف پانی کے لیے فلٹریشن و بورنگ کی اسکیموں، صحت کی بنیادی سہولیات اور شہری و دیہی علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کی پائیدار تعمیر سمیت متعدد منصوبوں پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔
ان منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش روزمرہ مسائل کا دیرپا حل اور شہریوں کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے۔
کوہلو سبی سڑک سمیت ضلع کو مختلف اضلاع سے ملانے والی سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے عوام کو سفری سہولت ملے گی اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔
تحصیل کوہلو اور تحصیل ماوند کے شہری و دیہی علاقوں میں گلیوں اور نالیوں کو ٹف ٹائل لگانے اور ازسرنو تعمیر کے منصوبوں سے نکاسی آب کا نظام مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ صفائی اور ماحولیاتی بہتری یقینی ہو۔
رکن صوبائی اسمبلی نے تمام منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے لیے ٹھوس اقدامات پر زور دیا ہے۔ متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اسکیموں پر مقررہ معیار کے مطابق عملدرآمد کیا جائے اور کسی بھی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کوہلو کے شہریوں نے نواب چنگیز مری، ایف سی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست پالیسیوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کا آغاز ایک مثبت عمل ہے۔
شہریوں نے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر رکن صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، جس سے ضلع میں مجموعی ترقی، سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل ہو سکیں گے۔











