تسپ پنجگور کے گرلز انٹر کالج میں گولڈن ویک اور سپورٹس ویک کے انعامات تقسیم

پنجگور: گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ میں گولڈن ویک اور سپورٹس ویک کی رنگارنگ سرگرمیوں کے کامیاب اختتام پر انعامات تقسیم کرنے کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں طالبات، اساتذہ، والدین اور علاقائی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی پھلین بلوچ تھے، جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی تسپ عبدالرحمن اعزازی مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور حمد و نعت سے ہوا۔
طالبات نے موٹیویشنل تقاریر، کھیلوں کے مظاہرے اور مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا شاندار اظہار کیا اور حاضرین نے ان کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔
تعلیمی، غیر نصابی اور کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو شیلڈز، تعریفی اسناد اور خصوصی انعامات دیے گئے۔
رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے خطاب میں گولڈن ویک کی سرگرمیوں کو طالبات کی شخصیت سازی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کی محنت اور طالبات کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کالج محدود وسائل کے باوجود معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے اور طالبات کا جوش و جذبہ خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کالج کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں گے۔ انہوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
کالج پرنسپل پروفیسر مشتاق گچکی نے اپنے خطاب میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی حکمتِ عملی اور درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود کالج کی ٹیم بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
تقریب کے آخر میں طالبات نے ملی نغمے اور گروپ پرفارمنس پیش کی، جس پر شرکا نے زبردست تالیاں بجائیں۔ اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔











