واشک: پی پی ایچ آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس، 26 سے زائد بنیادی مراکز صحت سولرائزڈ
واشک: ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر پی پی ایچ آئی مشتاق احمد بلوچ کی زیر صدارت پی پی ایچ آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس ڈی ایس یو آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں بی آر ایس پی واشک کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد انور جمالدینی، ڈسٹرکٹ ملیریا انچارج حاجی خلیل الرحمٰن لوراجہ، ایم این ای آفیسر اطہر جمالی، ڈاکٹر عمران حکیم سمیت واشک کے بیسک ہیلتھ یونٹس کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔
مشتاق احمد بلوچ نے کہا کہ پی پی ایچ آئی عملی اقدامات پر عمل کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ضلع واشک کے 26 سے زائد بنیادی مراکز صحت کو سولرائز کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید بی ایچ یوز کو جلد سولرائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مزید نئے بی ایچ یوز ہینڈ اوور کر کے فعال کیے جائیں گے اور بی ایچ یوز کو وافر مقدار میں ادویات سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بی ایچ یوز میں لیبر رومز سمیت ٹیلی ہیلتھ سینٹر واشک میں بھی بہتر انداز میں خدمات دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تمام بی ایچ یوز کے اسٹاف کو DHIS2 کی تربیت دی گئی ہے۔ اب روزانہ کی بنیاد پر اپنے موبائل ایپس میں ڈاؤن لوڈ کر کے رپورٹ بروقت بھیجی جائے، اور اگر کسی کی سمجھ میں نہ آئے تو وہ کسی دوسرے سے رہنمائی لے سکتا ہے، کیونکہ مینول رپورٹنگ ختم کر کے باقاعدہ ڈیجیٹلائزیشن کر دی گئی ہے۔
مشتاق احمد بلوچ نے کہا کہ بی ایچ یوز کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کرنا اور لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا عملے کی ذمہ داری ہے۔ ان کے بقول بنیادی مقصد اپنے لوگوں کی خدمت کرنا اور انہیں صحت کی بہتر سہولیات دینا ہے، اور لوگوں کو مشکلات سے نکالنا ہی اصل کام ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف اپنی حاضری یقینی بنائیں، اپنے پیشے سے مخلص رہیں، کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور تمام رپورٹس بروقت اپنے دفتر میں جمع کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی پیش کرنے والے ملازمین کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ لوگوں کی امیدیں عملے سے وابستہ ہیں، اس لیے بلاتفریق خدمت کی جائے۔ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔











