صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم کھوسہ کی زیرصدارت وفاقی منصوبوں پر جائزہ اجلاس، بروقت تکمیل کی ہدایت

کوئٹہ: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری وفاقی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان، چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ، چیف انجینئر خاران مکران زون، چیف انجینئر سبی زون، مختلف منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ
چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ نے صوبے میں جاری تمام وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، تکمیل کے لیے مقررہ ٹائم فریم، درپیش مالی و تکنیکی مشکلات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے کہا کہ صوبے میں جاری وفاقی منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جن کی تکمیل سے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی اور ترقی کے عمل میں نئی رفتار پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات ان منصوبوں پر پیش رفت کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے تاکہ بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں کی راہ میں حائل مالی یا تکنیکی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کام مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور عوام کو ثمرات جلد حاصل ہوں۔
صوبائی وزیر کی ہدایات
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنا اور تکمیل کی جانب لے جانا قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی منصوبوں پر کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے، حساس نوعیت کے منصوبوں پر سیکورٹی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جائیں اور بروقت تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، ان کی تکمیل سے نہ صرف بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو سفری سہولیات کے حوالے سے درپیش مشکلات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کے لیے اہم نوعیت کے متعدد منصوبے فراہم کیے گئے ہیں جن سے صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کو فروغ ملے گا۔
میر سلیم احمد کھوسہ نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز اپنے منصوبوں پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں کیونکہ افسران کی موجودگی سے منصوبے مکمل کرنے میں مزید آسانی اور بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں عملی جامہ پہنانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ غفلت برتنے والے افسران کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں ہوگی، لہٰذا اپنے منصوبوں پر بھرپور توجہ دیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق صوبائی حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری و بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وفاقی منصوبوں کی بروقت تکمیل اس سلسلے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











