گورنر سندھ نہال ہاشمی کی لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری، دہشت گردی کے خاتمے پر زور

کراچی: گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے شہیدِ ملت اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف اور اپنی جانب سے شہیدِ ملت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
میڈیا سے گفتگو
مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی قومی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ پاکستان کا قیام ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا نتیجہ ہے۔ یہ ملک ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا گیا، بلکہ اس کے حصول کے لیے ہمارے اکابرین نے اپنا خون بہایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر نہیں چاہتے تھے کہ یہ ملک ترقی کرے، لیکن ہماری قیادت نے اپنی قربانیوں سے اس وطن کی آبیاری کی۔ لیاقت علی خان کے آخری الفاظ «اللہ پاکستان کی حفاظت کرے» آج بھی ہمارے لیے اہم پیغام ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اکابرین کے خوابوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر آگے لے کر چلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، آج بھی پاکستان میں مسلم لیگ کی حکومت ہے، وزیراعظم شہباز شریف ملک کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال اور ملکی حالات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہروں کو جلنے اور اجڑنے سے بچانا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہمارے فوجی اور شہری اسی طرح اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے اور تمام پاکستانیوں کو متحد ہو کر ملک کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
سیاسی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت میں اتحادی بنتے اور بچھڑتے رہتے ہیں، تاہم قومی مفاد، امن اور استحکام کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔ آئین اور قانون کے مطابق معاملات کو آگے بڑھانا ضروری ہے، جبکہ سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
کراچی کی معاشی صورتحال سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ شہر کی معاشی ترقی، امن و امان کے قیام اور عوام کے بہتر مستقبل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے کراچی کو معاشی ترقی کی راہ پر مزید آگے لے کر جانا ہے۔
اس موقع پر معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب راشد نصراللہ نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور ماضی کے اقدامات پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے نواز شریف کے دور میں کراچی میں امن کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا اور اس حوالے سے ان کے کردار کو سراہا۔











