پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس: پیوٹ پروگرام کے فیچرز منظور، 1995 ارب کی سرمایہ کاری متوقع

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 37واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے افسروں اور جوانوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی، جبکہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی خوشدامن کے ایصال ثواب کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔
پیوٹ پروگرام
صوبائی کابینہ نے صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام اسکیم کے فیچرز کی منظوری دے دی۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے پیوٹ پروگرام پیش کیا، جس میں انڈسٹریل انفراسٹرکچر اور کلسٹر ڈویلپمنٹ، مسابقتی ایکسپورٹ، ویلیو چین ٹرانسفارمیشن، زراعت اور لائیوسٹاک میں ای میکانائزیشن اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شامل ہیں۔
اس پروگرام کے ذریعے پنجاب میں 1995 ارب کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس میں 1089 ارب حکومتی اور 906 ارب پرائیویٹ سرمایہ کاری شامل ہے۔ اس سے ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیوٹ میں موجودہ انڈسٹری کی سہولت کاری، کلسٹر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ای کامرس، گارمنٹس، پلگ اینڈ پلے، لیدر اینڈ فٹ ویئر اور اسپورٹس گڈز کی ٹیسٹنگ و سرٹیفکیشن شامل ہیں۔ کٹلری، ہاتھ سے بنے ٹول، سرامک اور فین انڈسٹری کے لیے میٹریل ٹیسٹنگ لیب بھی شامل کی گئی ہے۔ ہارٹی کلچر اور فلوری کلچر کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ کی جائے گی، جبکہ ٹورازم اور ایکوا فارمنگ بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
سرگودھا، خانیوال، اوکاڑہ اور بھکر میں ایگریکلچر پراسیسنگ پارک بنیں گے۔
دیگر اہم فیصلے
اجلاس میں 20 اضلاع میں ہارٹی کلچر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں پی ایچ اے بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں طبی آلات کو فنکشنل کرنے کے لیے درکار واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا، جبکہ کابینہ نے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ضروری واجبات کے لیے فنڈز کی منظوری دی۔
پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی پر ٹریفک جرمانوں میں ترامیم منظور کی گئیں۔ اوور اسپیڈنگ، اوور لوڈنگ، پیدل کراسنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔
چیف منسٹر گرین ٹریکٹر پروگرام ہائی پاور فیز 5 کے لیے سبسڈی کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق اس پروگرام کے لیے ڈھائی لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، 10 ہزار ٹریکٹرز پر 9.5 ارب روپے سبسڈی حکومت پنجاب ادا کرے گی، اور 25 ہزار ٹریکٹر کاشتکاروں تک پہنچ چکے ہیں۔ رجسٹریشن پر لیٹ فیس کی معافی بھی منظور کی گئی۔
اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی منظوری دی گئی جس کے تحت 60 ارب روپے سے بینک آف پنجاب 40 ہزار لون دے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس پروگرام میں اسٹامپ ڈیوٹی کی تجویز مسترد کر دی۔
کابینہ نے گلگت بلتستان کو چھ اور آزاد جموں و کشمیر کو 15 کلینک آن ویلز گاڑیاں عطیہ کرنے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں ملتان، مری، بہاولپور، میانوالی اور دیگر اضلاع سے متعلق متعدد ترقیاتی منصوبوں، بھرتیوں اور قانونی ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔
بریسٹ کینسر آگاہی پر وزیراعلیٰ کا پیغام
بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آگاہی اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے، جس میں ہر اسٹیج کے بریسٹ کینسر سمیت مختلف کینسر کا علاج ہوگا۔
ان کے مطابق حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے، اور بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے لیڈی ہیلتھ انسپکٹر ڈیٹا کلیکشن میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔











