سیوی: اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، روزانہ نرخ چیک ہوں گے

سیوی: اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انجمن تاجران، دودھ و دہی فروشوں، چھوٹے بڑے گوشت اور مرغی کے گوشت کے فروخت کنندگان، دیگر تاجران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد اور عوام کو روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
روزانہ نرخ چیکنگ
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی ہدایات کی روشنی میں بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی موثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نرخ چیک کیے جائیں گے اور مختلف مارکیٹوں و دکانوں کے باقاعدہ دورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے تاجران اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق اشیائے ضروریہ فروخت کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری، خودساختہ قیمتوں میں اضافے اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ قیمتوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد تاجران کے ساتھ تعاون کے ذریعے مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا، صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی خریداری میں ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہو۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











