جامعہ تربت کے کمپیوٹر سائنس طلبہ کا اسلام آباد کا نو روزہ صنعتی و ٹیکنالوجی مطالعاتی دورہ

تربت: جامعہ تربت اپنے طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی و صنعتی مارکیٹ کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ نے فیکلٹی ممبر محمد عاصم کی سربراہی میں اسلام آباد کا نو روزہ کامیاب صنعتی و ٹیکنالوجی دورہ کیا۔
دورے کا بنیادی مقصد اکیڈمک لرننگ کو صنعتی سافٹ ویئر انجینئرنگ کے جدید طور طریقوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ طلبہ کو اسلام آباد کے معروف ٹیک پارکس، اسٹارٹ اپ انکیوبیٹرز اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ حبز کا دورہ کرایا گیا تاکہ وہ تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی صنعت کے حقیقی ماحول کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں۔
طلبہ نے اہم ٹیکنالوجی اداروں کے ماہرین، پلیٹ فارم انجینئرز اور فیسیلیٹی مینیجرز سے تبادلہ خیال کیا اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے جدید انفراسٹرکچر، ہوسٹنگ صلاحیتوں، مجموعی ایکو سسٹم اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے محمد اکبر، خٹک سنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، نیشنل انکیوبیشن سینٹر اور فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔
وائس چانسلر نے کہا کہ تیزی سے بدلتے تکنیکی دور میں جامعہ تربت اپنے طلبہ کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور مقابلے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے تعلیمی اقدامات کا مقصد طلبہ کے لیے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











