ہرنائی پولیس کی ایس پی عبدالحفیظ جکھرانی کی ہدایت پر رات گئے تک نائٹ پٹرولنگ، حساس مقامات کی کڑی نگرانی

ہرنائی: ضلع ہرنائی میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے شہر کے مختلف حصوں میں رات گئے تک سخت نائٹ پٹرولنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
اس اقدام کا مقصد ملک و علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنا اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا بروقت سدباب کرنا ہے۔ پولیس اسٹیشن سٹی ہرنائی کی حدود میں واقع حساس مقامات، اہم سرکاری و قومی تنصیبات اور عوامی شاہراہوں پر پولیس کے خصوصی دستوں نے گشت کیا۔
پٹرولنگ کے دوران فیلڈ میں موجود پولیس افسران اور اہلکاروں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، حساس پوائنٹس کی کڑی نگرانی کی اور چیکنگ کا عمل مزید سخت بنایا۔ ایس پی ہرنائی کی ہدایت پر شہر کے تمام اہم داخلی و خارجی راستوں پر بھی چوکسی برقرار رکھی گئی۔
گشت کے اختتام پر جاری رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش اور پرامن رہی، اور نائٹ پٹرولنگ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











