ہنہ اوڑک سیلاب متاثرین کے لیے 500 سے زائد محفوظ مکانات مکمل، ڈی سی کوئٹہ کی زیر صدارت یو این ڈی پی اجلاس

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت فلڈ ریکوری پروگرام (FRP) کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور یو این ڈی پی کے نمائندوں کا اجلاس ہوا، جس میں ہنہ اوڑک کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی، رہائشی مکانات، کمیونٹی انفراسٹرکچر اور روزگار کی بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پروگرام مینیجر FRP UNDP ہشاشی ازومی، پروگرام اسپیشلسٹ آمنہ اختر، اسسٹنٹ کمشنر صدر کوئٹہ یوسف ہاشمی اور فیلڈ امپلیمنٹیشن افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 500 سے زائد سیلاب سے محفوظ مکانات مکمل کر کے مستحق خاندانوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی مکانات کی تکمیل اکتوبر 2026 تک متوقع ہے۔ مزید 200 مستحق خاندانوں کو ہاؤسنگ سپورٹ میں شامل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیلاب سے حفاظتی اقدامات، سڑکوں، پلوں اور عوامی سہولیات کی بحالی سمیت زرعی شعبے سے وابستہ خاندانوں کے روزگار کی بحالی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے منصوبے کے شفاف طریقہ کار کو سراہا اور سیلاب متاثرین کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے لیے ضلعی انتظامیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











