گوادر: ڈھوریہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر حسن علی موسیٰ کو 21 سالہ خدمات پر محکمہ سوشل ویلفیئر کا تعریفی سرٹیفکیٹ

گوادر: ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر عیسیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ مرحوم میر عبدالغفور کلمتی کی علم دوستی، خدمتِ خلق اور غریب و مستحق بچوں کی تعلیم کے لیے خدمات ایک روشن مثال ہیں، اور کلمتی خاندان کی مسلسل مالی معاونت سے ڈھوریہ اکیڈمی گزشتہ 21 برس سے مستحق بچوں کو مفت تعلیم اور مختلف فنی مہارتیں فراہم کر رہی ہے۔
وہ ڈھوریہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر حسن علی موسیٰ کی 21 سالہ تعلیمی و سماجی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اکیڈمی میں انگلش، کمپیوٹر، بلوچی زبان، دینی تعلیم، آرٹ و کرافٹس اور سلائی کڑھائی سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم و ہنر کی فراہمی کو سراہا۔
انہوں نے حسن علی موسیٰ کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا اور کہا کہ تعلیم، ہنرمندی اور مستحق طبقات کی فلاح کے لیے سماجی اداروں کی خدمات حکومت بلوچستان کے فلاحی وژن کی عملی تصویر ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











