گوادر میں 5 اکتوبر کو ٹیچرز ڈے کی ضلعی تقریب گرلز ہائی اسکول میں ہوگی، ڈی ای او زاہد بلوچ کی زیرِ صدارت اجلاس

گوادر: ضلعی آفیسر تعلیم گوادر زاہد بلوچ کی زیرِ صدارت 5 اکتوبر کو ٹیچرز ڈے کے موقع پر ضلعی سطح پر مرکزی تقریب کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے معاون وسیم صمد اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹیچرز ڈے کے مجوزہ پروگرام، انتظامی امور اور اساتذہ کی بھرپور شرکت یقینی بنانے سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع گوادر کی مرکزی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوادر میں منعقد کی جائے گی، جس کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کریں گے۔
تقریب میں ضلع بھر سے اساتذہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے افسران اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ تقریب کو مؤثر، باوقار اور یادگار بنانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اس موقع پر کہا گیا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی مثبت تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب خصوصی انداز میں منعقد کی جائے گی۔ اجلاس میں آئندہ بھی متعلقہ حکام سے مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











