گوادر: محکمہ زراعت کا اجلاس، نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات کا خیرمقدم، محمد عمر جمالی کو خراجِ تحسین

گوادر: محکمہ زراعت ضلع گوادر کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر توسیع مقبول احمد کی زیرِ صدارت زراعت کی بہتری، مختلف زرعی مسائل کے حل اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر رپورٹنگ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات اور رواں ماہ ریٹائر ہونے والے محمد عمر جمالی سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع گوادر کی مختلف تحصیلوں، یونین کونسلز اور دیگر زرعی علاقوں میں درپیش مسائل، زرعی سرگرمیوں اور فیلڈ سے متعلق اعداد و شمار کی بروقت فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے زرعی شعبے کی بہتری، کسانوں کی مشکلات کے ازالے اور متعلقہ حکام تک مسائل کی مؤثر نشاندہی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مقبول احمد نے نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شماریات کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ضلع بھر کے زرعی علاقوں سے درست، جامع اور بروقت اعداد و شمار مرتب کریں گے تاکہ زرعی مسائل کی مؤثر نشاندہی اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو سفارشات پیش کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شماریات (Statistics) کا شعبہ زراعت کی منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے فیلڈ سے درست معلومات کے حصول اور بروقت رپورٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں رواں ماہ ریٹائر ہونے والے محمد عمر جمالی کی محکمہ زراعت کے لیے طویل عرصے تک انجام دی گئی خدمات کو سراہا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر توسیع اور فیلڈ اسٹاف نے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی محکمہ کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ ان کے خوشگوار تعلقات اور تعاون کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











