کوئٹہ پولیس نے بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ جیت لیا، آئی جی پولیس محمد طاہر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے

کوئٹہ: پولیس کے زیرِ اہتمام فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں 23 سے 28 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والا بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر تھے۔
ٹورنامنٹ میں مردوں اور خواتین کے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ فائنل میچ واپڈا اور کوئٹہ پولیس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ پولیس نے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
اختتامی تقریب سے خطاب میں آئی جی پولیس محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس نہ صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے بلکہ کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھی اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور اسپانسر ادارے ڈی ایچ اے کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











