کوئٹہ میں fIPV انسداد پولیو مہم کا چھٹا روز: ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ایوننگ ریویو اجلاس

کوئٹہ: فریکشنل آئی پی وی (fIPV) انسداد پولیو مہم کے چھٹے روز کا ایوننگ ریویو اجلاس ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں نیشنل ای او سی، محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ مانیٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کی مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ہیومن ریسورس کی تعیناتی، او پی وی اور fIPV کوریج، یونین کونسل وار کارکردگی، رفیوزلز، مس شدہ بچوں، آر سی اے نتائج اور فیلڈ مانیٹرز کی رپورٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کوریج کم رہی یا رفیوزل اور مس شدہ بچوں کے کیسز سامنے آئے ہیں، وہاں فوری اقدامات کرتے ہوئے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت اور پولیو پارٹنرز کو ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے، ٹیموں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جائے اور مہم کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ضلعی انتظامیہ اس قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











