کمشنر لورالائی ولی محمد بڑیچ کی تحصیل میختر میں کھلی کچہری، عوامی مسائل پر موقع پر احکامات

لورالائی: ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیر اہتمام تحصیل میختر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پانی، تعلیم، صحت، بجلی، سڑکوں اور دیگر مسائل پر عوام کی شکایات سنیں۔
کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع، ونگ کمانڈر 53 ونگ لورالائی اسکاؤٹس، اسسٹنٹ کمشنر میختر اسرار احمد مندوخیل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علی نواز جمالی، ڈویژنل و ضلعی افسران، سیاسی و قبائلی عمائدین، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہریوں نے پینے کے صاف پانی، تعلیم، صحت، بجلی، سڑکوں، نکاسی آب، بلدیاتی سہولیات، صفائی ستھرائی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ کمشنر نے بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور افسران کو فوری کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
BSDI کے تحت میختر میں ترقیاتی کام
کمشنر نے کہا کہ عوامی شکایات کو کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کا عملی اور مستقل حل یقینی بنایا جائے، اور افسران عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ BSDI کے تحت تحصیل میختر میں بھی بہت جلد ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جائے گا۔
ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ میختر سمیت ضلع لورالائی کے دور دراز علاقوں میں ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے جاری منصوبوں کے معیار اور رفتار کی نگرانی، نئے منصوبوں میں عوامی ضروریات کو ترجیح دینے اور عوامی نمائندوں و عمائدین سے مسلسل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی۔
کھلی کچہری کے اختتام پر عمائدین اور شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پیش کیے گئے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











