کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان کی ہدایت: تعمیراتی منصوبوں میں ہر مرحلے پر میٹریل ٹیسٹنگ لازمی

سیوی: کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان کی زیرِ صدارت محکمہ کمیونیکیشن ورکس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ (CWPP&H) سیوی ڈویژن کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، بلڈنگز اور روڈز کے ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل آفیسرز (SDOs) نے کمشنر کو محکمے کی کارکردگی، جاری منصوبوں کی پیش رفت اور تعمیراتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ تمام تعمیراتی منصوبے منظور شدہ ڈیزائن، مقررہ معیار، تکنیکی اصولوں اور متعلقہ اسپیسفکیشنز کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ میٹریل کی کوالٹی یقینی بنانے کے لیے ہر مرحلے پر میٹریل ٹیسٹنگ کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے اور تکنیکی معیار کی تصدیق لازمی بنائی جائے تاکہ ناقص میٹریل کی روک تھام اور منصوبوں کی پائیداری یقینی ہو۔ کمشنر نے افسران کو منصوبوں کی مسلسل نگرانی اور مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ ثمرات عوام تک پہنچیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











