ایران پر حملہ بہترین فیصلوں میں سے ایک، دوبارہ ضرورت پڑی تو یقینا کروں گا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کا دفاع کرتے ہوئے دوبارہ حملوں کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران 1979 سے امریکا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہزاروں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ہے۔
ریاست ٹیکساس میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملہ میری زندگی کے بہترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کرنا پڑا تو یقینا کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں میری بڑی کامیابیوں میں سے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران 1979 سے امریکا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔
انہوں نے تہران پر ہزاروں امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سابق امریکی رہنماؤں کو کئی دہائیوں قبل ایران کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی، لیکن ان میں ایسا کرنے کی ہمت یا دانش مندی نہیں تھی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں اضافہ ہو رہا ہے اور اشارہ دیا کہ اس آبی گزرگاہ کا نام جلد تبدیل کر کے آبنائے ٹرمپ رکھا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں پٹرول کی قیمتوں میں جلد نمایاں کمی آئے گی اور موجودہ معاشی مشکلات عارضی ہیں، مستقبل میں ان کے فوائد سامنے آئیں گے۔











