چمن: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں بی ایس ڈی آئی فیز II کے منصوبوں اور فیز III کے پی سی ون کا جائزہ

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر میٹنگ ہال چمن میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں BSDI فیز II کے تحت مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ BSDI فیز III کے پی سی ون (PC-I) کی تیاری اور بروقت جمع کرانے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ ضلع چمن کی مجموعی انتظامی صورتحال، بین الادارہ جاتی روابط اور دیگر اہم عوامی و ترقیاتی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں، اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفاف، معیاری اور بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کے اختتام پر مختلف محکموں کے افسران نے اپنے شعبوں کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور درپیش مسائل پر بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے عوامی خدمت کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











