پنجگور میں ڈی آئی سی سی اجلاس، امن و امان اور افغان شہریوں کی ملک بدری پر غور

پنجگور: ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون کی صدارت میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی آئی سی سی) کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس پنجگور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف انٹیلیجنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع پنجگور میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا، علاقائی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا اور افغان شہریوں کی ملک بدری کے عمل کو مربوط طریقے سے آگے بڑھانا تھا۔ شرکاء نے ضلع میں موجود چیلنجز اور ان کے حل سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امن و امان کی بحالی کے لیے ہر وقت چوکس ہے اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ذریعے بہتر نتائج کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے تاکہ ضلع میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔











