پنجگور میں این ایچ اے منصوبوں پر اجلاس، تعمیراتی کام بلاتعطل جاری رکھنے کی ہدایت

پنجگور: ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون کی صدارت میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس پنجگور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے آغا شہزاد، ڈی ایس پی پنجگور امیر جان اور بی اینڈ آر روڈ ڈپارٹمنٹ کے نمائندے نے شرکت کی۔
اجلاس میں این ایچ اے کے تحت جاری سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف روٹس پر کام کی پیشرفت اور ان منصوبوں کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کام کی رفتار میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رکھی جائیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے آغا شہزاد نے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور کوآرڈینیشن کے حوالے سے بہترین تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے منصوبوں کی رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔











