پسنی: اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری کا ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا دورہ، سینٹر جلد فعال کرنے کا فیصلہ

گوادر/پسنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہریوں کو فلاحی سہولیات، معاشرتی بحالی اور منشیات سے پاک صحت مند معاشرے کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ گوادر متحرک ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پسنی میں قائم ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او پولیس ملک احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سینٹر کی عمارت، دستیاب سہولیات، بنیادی انفراسٹرکچر اور بحالیٔ مریضاں کے لیے درکار انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سینٹر کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ منشیات کے عادی افراد کو علاج، بحالی اور معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنانے کے لیے مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کو جلد فعال کیا جائے گا۔ اس اقدام سے ضلع میں منشیات کے خاتمے، نوجوانوں کی بحالی اور معاشرتی اصلاح کے حکومتی اقدامات کو مزید تقویت ملے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے عوام دوست وژن کے تحت شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور مثبت سماجی ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جبکہ منشیات کے تدارک اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











