پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تصدیق: کینیڈین ہاکی ٹیم فروری 2027 میں پاکستان کا دورہ کرے گی

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کینیڈین ہاکی ٹیم کے دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
فیڈریشن کے مطابق کینیڈا کی قومی ہاکی ٹیم فروری 2027 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی ہاکی ٹیم کا دورۂ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مثالی انتظامات کیے جائیں گے۔
محی الدین وانی نے مزید کہا کہ وہ کینیڈین ہاکی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس دورے سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر پی ایچ ایف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کے مقابلوں کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
موضوعات:ہاکی











