میر غلام قادر بگٹی کی دسویں برسی پاکستان ہاؤس سوئی میں منائی گئی، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا خراج عقیدت

سوئی: بزرگ سیاسی و قبائلی رہنما، علم و شعور کے علمبردار اور سیاسی و سماجی بیداری کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے میر غلام قادر بگٹی مرحوم کی دسویں برسی پاکستان ہاؤس سوئی میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
اس موقع پر چیف آف بگٹی و وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چھوٹے بھائی اور مرحوم کے چھوٹے صاحبزادے میر آفتاب خان بگٹی، وڈیرہ محمد بخش موندرانی، میر عطاء اللہ کلپر، وڈیرہ شاہ مراد خان مسوری، میر جمال خان کلپر سمیت سیاسی و قبائلی عمائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات، اصول پسندی، خودداری، علم دوستی اور جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ان کی جدوجہد اور خدمات آج بھی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ مرحوم کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ پاکستان ہاؤس سوئی کے علاوہ بیکٹر، لوٹی اور دیگر مقامات پر بھی تعزیتی ریفرنسز اور دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے۔
«میرے پہلے استاد اور رہنما»
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی نے علم، شعور اور سیاسی و سماجی بیداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی زندگی اصول پسندی، خودداری، علم دوستی اور اپنے لوگوں کی خدمت سے عبارت تھی۔
انہوں نے کہا کہ «میر غلام قادر بگٹی میرے والد ہی نہیں بلکہ میرے پہلے استاد، رہنما اور زندگی میں میری فکری تربیت کرنے والی عظیم شخصیت تھے، انہوں نے مجھے مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے، اصولوں پر قائم رہنے اور اپنے لوگوں کی خدمت کا درس دیا»۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں بچھڑے دس برس گزر گئے مگر ان کی یادیں، افکار اور تربیت آج بھی دلوں میں زندہ ہیں، اور ان کی روشن فکر میراث کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











