لورالائی: یوم شہداء پر شہید انسپکٹر جاندار شبوزئی کے گھر تقریب، دوسڑکہ تھانہ ان کے نام سے منسوب

لورالائی: یومِ شہداء کے موقع پر ضلع لورالائی کی کلی شبوزئی میں بلوچستان پولیس کے بہادر سپوت شہید انسپکٹر جاندار شبوزئی کے گھر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ، سیاسی و مذہبی رہنماؤں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر لورالائی حسیب شجاع، ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد، جمعیت علمائے اسلام ضلع لورالائی کے سینئر نائب امیر مفتی محمد ابراہیم، نائب امیر مولانا محمد عاصم، نائب امیر مولانا عطاء اللہ شاہ بخاری، سیکرٹری اطلاعات ملک امان اللہ ناصر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سیف اللہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاری سنزر خان رحمی، مولانا صادق خوستی، ملک داد محمد، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر عطاء اللہ کاکڑ اور سید محمد ہوتک سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی۔
دوسڑکہ تھانہ شہید کے نام سے منسوب
شرکاء نے کہا کہ شہید انسپکٹر جاندار شبوزئی نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جدوجہد میں جان کا نذرانہ پیش کرکے وطن اور عوام کے تحفظ کی روشن مثال قائم کی، اور پولیس کے شہداء پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔ اس موقع پر حکومتِ بلوچستان کی جانب سے دوسڑکہ تھانے کو شہید انسپکٹر جاندار شبوزئی کے نام سے منسوب کرنے کے فیصلے کو تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا گیا، جس سے شہید کی خدمات کا اعتراف ہوگا اور آنے والی نسلوں کو وطن پر قربان ہونے والوں کی یاد تازہ رہے گی۔
تقریب میں شہید کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ بلوچستان پولیس اور پوری قوم اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شرکاء نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی۔
ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان پولیس کے جوان امن و امان کے لیے شب و روز خدمات انجام دے رہے ہیں اور شہداء کی قربانیاں فورس کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا اور ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن معاونت بلوچستان پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر حسیب شجاع اور ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد نے بھی عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی اور شہداء کا مشن ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اور شہید انسپکٹر جاندار شبوزئی سمیت بلوچستان پولیس اور ملک کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے صبرِ جمیل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











