لاہور میں بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد، سرمایہ کاری کے امکانات اجاگر

لاہور: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ہدایات کے مطابق بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے اشتراک سے بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026 لاہور میں منعقد ہوا، جس میں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات، کاروباری اشتراک، صنعتی ترقی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔
فورم کا مقصد ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو بلوچستان کی معاشی استعداد، قدرتی وسائل اور سرمایہ کاری کے سازگار امکانات سے آگاہ کرنا، نجی شعبے کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی راہ ہموار کرنا تھا۔
مقررین کے خطابات
فورم کے مہمانِ خصوصی ایس ایم تنویر، سرپرستِ اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) اور سابق صوبائی وزیر حکومت پنجاب نے اپنے خطاب میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری اشتراک اور معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026 صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے بلوچستان کے معاشی امکانات کو اجاگر کرنے اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کے مطابق صوبے کو سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک پرکشش مقام بنانے کی کوششوں کو فروغ ملے گا۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے صوبے میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
بلال خان کاکڑ نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فورمز سرمایہ کاروں کو صوبے میں موجود مواقع سے آگاہ کرنے، کاروباری روابط کو وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فورم سے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ حاجی غلام فاروق خلجی نے بھی خطاب کیا، جبکہ بی بی او آئی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد المنان نے ادارے کے کردار، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اقدامات اور صوبے میں موجود کاروباری مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو بزنس فیسلیٹیشن سینٹر (BFC)، بلوچستان کے معدنی وسائل اور بلوچستان بزنس ایکسپو سے متعلق تشہیری ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔
فورم میں لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LIEDA) کے منیجنگ ڈائریکٹر لیاقت علی کاشانی، محکمہ ماہی گیری بلوچستان کی ڈپٹی ڈائریکٹر نگہت نورالدین، کمانڈر سینٹرل پنجاب لاہور ریئر ایڈمرل سہیل احمدا عظمی ہلالِ امتیاز (ملٹری)، محکمہ مائنز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ بلوچستان کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ ڈویلپمنٹ محمد اکمل احمد اور سیکرٹری محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بلوچستان صالح محمد بلوچ نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق پریزنٹیشنز پیش کیں۔ اس دوران سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور دستیاب مواقع کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











