صادق شہید فٹبال اسٹیڈیم کوئٹہ کی مکمل بحالی کا منصوبہ، مشیر کھیل مینا مجید بلوچ کا دورہ

کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے ڈی جی اسپورٹس کے ہمراہ صادق شہید فٹبال اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور اسٹیڈیم کی موجودہ حالت، مسائل اور درکار سہولیات کا جائزہ لیا۔ گراؤنڈ انچارج نے اسٹیڈیم کی صورتحال اور ضروریات پر بریفنگ دی۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ دورے کا مقصد اسٹیڈیم کی بحالی اور کھیلوں کی سہولیات کی بہتری کا درست اندازہ لگانا ہے، اور صوبائی حکومت صادق شہید اسٹیڈیم کی مکمل بحالی، ضروری سہولیات کی فراہمی اور اسپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ایک عملی اور جامع پلان پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر اور فعال ماحول ملے تاکہ وہ اپنا ٹیلنٹ نکھار سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











