سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ، اسکولوں اور مدارس میں تعریفی سرٹیفکیٹس

کوئٹہ: سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی کی زیرِ صدارت گزشتہ پولیو مہم کے جائزے اور آئندہ مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، مدارس ایسوسی ایشن اور سرکاری اسکولوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ضلع کوئٹہ میں پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور اسکولوں، مدارس اور تعلیمی اداروں کے تعاون سمیت مہم کے دوران کیے گئے اقدامات اور ان کے نتائج سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری صحت نے پولیو کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کا باہمی تعاون اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ اجلاس میں آئندہ مہم کے دوران اسکولوں، مدارس اور دیگر تعلیمی اداروں کا بھرپور تعاون یقینی بنانے اور بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے مؤثر اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں پولیو مہم کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے پرائیویٹ اسکولوں، مدارس اور سرکاری اسکولوں کے نمائندوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ سرٹیفکیٹس سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور پولیو کوآرڈینیٹر انعام الحق نے پیش کیے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











