سیوی: بی ایس ڈی آئی فیز II کے 95 فیصد منصوبے مکمل، فیز III کے ٹینڈرز دو روز میں جاری ہوں گے

سیوی: ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ونگ کمانڈرز کرنل زبیر اور کرنل عبدالمنان، ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، ضلعی محکموں کے سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) فیز II کے 95 فیصد ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ BSDI فیز III کے تحت عوامی مطالبات اور کھلی کچہریوں میں سامنے آنے والی ضروریات کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیز III کے منظور شدہ منصوبوں کے ٹینڈرز آئندہ دو روز میں اخبارات اور ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبات کے مطابق تمام شعبوں کو بھرپور انداز میں مدنظر رکھا گیا ہے، اور صاف پینے کے پانی، صحت، تعلیم، بنیادی شہری سہولیات، گلیوں میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور دیگر عوامی ضروریات کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
ملازمین پر کڑی نظر اور والدین سے اپیل
ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور یقینی بنائیں کہ کوئی ملازم کسی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہو۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر اپنے بچوں اور بچیوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی مثبت رہنمائی یقینی بنائیں۔
اجلاس میں امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل کے بروقت حل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ طور پر ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت، شفافیت، جوابدہی اور باہمی رابطے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں اور حکومت بلوچستان کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کے ساتھ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنائیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











