زرعی انکم ٹیکس نادہندہ زمینداروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت، ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن کا جائزہ اجلاس

کوئٹہ: ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن آغا سمیع اللہ کی زیرِ صدارت لینڈ ریونیو کلیکشن اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوئٹہ ڈویژن کے تحصیلداران، نائب تحصیلداران، سب رجسٹرارز اور دیگر ریونیو افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ریونیو افسران نے گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی اور پروگریس رپورٹس پیش کیں جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آغا سمیع اللہ نے کہا کہ لینڈ ریونیو کلیکشن اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ٹیکس ریکوری کا عمل مزید تیز کیا جائے، اور زرعی انکم ٹیکس کے اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سرکاری اسکیموں سے مستفید زمینداروں کی فہرستیں طلب
انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت سے سولرائزیشن اسکیم سے استفادہ کرنے والے تمام زمینداروں کی فہرستیں فوری حاصل کی جائیں اور ان زمینداروں کی نشاندہی کی جائے جو حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے باوجود واجب الادا زرعی ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات جمع نہیں کرا رہے۔
آغا سمیع اللہ نے کہا کہ حکومت زمینداروں کو سولرائزیشن، گرین ٹریکٹر اسکیم، کھاد، بیج اور دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے، تاہم زمینداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنے قانونی و مالی واجبات بروقت ادا کریں۔ انہوں نے ٹیکس ادا نہ کرنے والے زمینداروں کے خلاف قانون و قواعد کے مطابق کارروائی کرنے اور ریکارڈ مرتب کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اضلاع میں مختلف سرکاری زرعی اسکیموں سے استفادہ کرنے والے زمینداروں کی فہرستیں جلد مرتب کر کے پیش کریں تاکہ ٹیکس واجبات کی جانچ اور ضروری قانونی کارروائی کی جا سکے۔ ریونیو افسران کو زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیداران سے ملاقاتیں کر کے ٹیکس ادائیگی کی اہمیت اور حکومتی پالیسیوں سے آگاہی دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں کسان رجسٹریشن کارڈ اور دیگر سرکاری سہولیات سے استفادہ کرنے والے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کا بھی جائزہ لیا گیا جو اپنے واجب الادا ٹیکس یا سرکاری واجبات ادا نہیں کر رہے۔ ایڈیشنل کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی سہولیات سے استفادے کے ساتھ قانونی ذمہ داریوں کی ادائیگی بھی ضروری ہے۔
ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی اور ماہانہ رپورٹس
اجلاس میں تحصیل دفاتر میں پرائیویٹ افراد کی مداخلت اور ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ تحصیل دفاتر کے اچانک دورے کریں اور کسی غیر متعلقہ یا پرائیویٹ فرد کی مداخلت پائی جائے تو ذمہ داران کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے۔
آغا سمیع اللہ نے ریونیو اسٹاف کو زرعی انکم ٹیکس کی وصولی پر خصوصی توجہ دینے اور ماہانہ ریکوری رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرانے کی ہدایت کی تاکہ ہر تحصیل کی کارکردگی کا ماہانہ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے تحصیلداران اور ریونیو افسران کی کارکردگی نمایاں کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن کے نظام کے تحت ریونیو ریکارڈ اور رپورٹس جلد مکمل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ واجبات کی وصولی کے لیے متعلقہ زمینداروں کو بروقت نوٹسز جاری کیے جا سکیں۔ عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکایات کو نظر انداز نہ کیا جائے بلکہ مقررہ وقت میں کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے، اور ریونیو نظام میں شفافیت، میرٹ اور بروقت سہولیات کی فراہمی تمام افسران و اہلکاروں کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس کے اختتام پر لینڈ ریونیو کلیکشن، زرعی انکم ٹیکس، کسان رجسٹریشن، ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، تحصیل دفاتر میں ایجنٹ مافیا کے خاتمے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے حوالے سے افسران کو واضح اہداف اور سیکیورٹی سمیت دیگر ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











