دکی: اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالی عبدالسلام کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، عملے کی حاضری چیک کی

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تھل چوٹیالی عبدالسلام نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال دکی کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، میڈیسن اسٹور، مختلف وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی اور متعلقہ حکام سے دستیاب طبی سہولیات، ادویات کے ذخیرے اور مریضوں کو درپیش مسائل پر بریفنگ لی۔
انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج، ادویات اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، اور ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات فوری حل کی جائیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
صفائی، ادویات اور نظم و ضبط کی ہدایات
اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، ادویات کی مسلسل اور بروقت فراہمی یقینی بنانے، طبی آلات فعال رکھنے اور تمام شعبوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کوئی کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ اپنے فرائض پوری دیانتداری، احساسِ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں، لہٰذا مریضوں سے خوش اخلاقی، بہتر رویہ اور فوری طبی امداد ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر دکی کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں سمیت تمام سرکاری اداروں میں اچانک دوروں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جبکہ غفلت، لاپروائی یا غیر حاضری کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











