ایمرجنسی غیر جمہوری اقدام اور سنگین سیاسی غلطی ہے، یکسر مسترد کرتے ہیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی تشویشناک، سنگین سیاسی غلطی اور غیر جمہوری اقدام قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کے خلاف ایسے اقدامات کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا مینڈیٹ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، اور مینڈیٹ کو نظر انداز کر کے یا صوبائی خودمختاری کمزور کر کے امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان تصادم پیدا کرنے سے نہ امن آئے گا اور نہ ہی استحکام، اس لیے پارٹی اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔











