جامعہ گوادر کے پرو وائس چانسلر کی کراچی میں پاک چین تعلقات اور عالمی طرزِ حکمرانی پر سیمینار میں شرکت

کراچی: جامعہ گوادر کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے سندھ اور بلوچستان کی جامعات کے اشتراک سے عالمی طرزِ حکمرانی اور پاک چین تعلقات کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں شرکت کی، جس میں دونوں صوبوں کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کے علاوہ کراچی میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل بھی شریک ہوئے۔
سیمینار میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تعاون کو مستحکم بنانے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تعلیمی و تحقیقی اشتراک، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں اور جامعات کے مابین ادارہ جاتی روابط کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر سید منظور احمد نے پاک چین تعلیمی روابط کے فروغ کے لیے جامعہ گوادر کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی تزویراتی اہمیت دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، علمی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اعلیٰ تعلیم، مشترکہ تحقیق اور اساتذہ و طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تعاون کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔
ان کی شرکت جامعہ کے علاقائی اور بین الاقوامی تعلیمی روابط کے فروغ، تحقیق و تدریس میں تعاون اور پاک چین دیرینہ دوستی کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس نوعیت کے علمی و سفارتی روابط اعلیٰ تعلیم میں مشترکہ ترقی اور دونوں ممالک کے عوام کے تعلقات مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











