جامعہ گوادر میں “کلاس روم سے آگے” سیمینار، وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور اے سی رومیل نعیم جان کا خطاب

گوادر: جامعہ گوادر کے شعبہ کوالٹی اینہانسمنٹ سیل کے زیرِ اہتمام دستکِ زیست کے اشتراک سے "کلاس روم سے آگے، فکری نشوونما، مؤثر رہنمائی اور بامقصد تعلیم" کے موضوع پر سیمینار میر احمد بخش آڈیٹوریم، پی سی ٹی وی آئی میں منعقد ہوا۔
سیمینار کی صدارت وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان مہمانِ خصوصی اور میر ارشد کلمتی اعزازی مہمان تھے۔ سیمینار کا مقصد تعلیم کو روایتی کلاس روم کی حدود سے آگے بڑھاتے ہوئے طلبہ کی فکری، سماجی اور عملی تربیت، مؤثر رہنمائی اور بامقصد سیکھنے کے مواقع کو فروغ دینا تھا۔
پینل ڈسکشن
پہلے سیشن میں پینل ڈسکشن ہوئی جس کی نظامت گراناز ہوت نے کی۔ پینل میں سماجی رہنما میر ارشد کلمتی، انڈس ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ، ماہرِ تعلیم بلقیس سلیمانی اور کلینیکل سائیکالوجسٹ فوزیہ ذوالفقار شریک تھے۔ پینلسٹس نے تعلیم، رہنمائی، ذہنی و سماجی نشوونما اور تعلیمی اداروں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا، جس کے بعد سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی لی۔
اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی خطاب کیا اور تعلیم، نوجوانوں کی رہنمائی اور معاشرتی ترقی کے لیے مثبت کردار کی اہمیت اجاگر کی۔ صدرِ مجلس پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے سیمینار کے انعقاد اور تعلیمی و سماجی حلقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے اقدام کو سراہا، منتظمین، مہمانوں، پینلسٹس اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ایسی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر میر عبدالغفور ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین میر ارشد کلمتی کی جانب سے جامعہ گوادر کے فیکلٹی ممبران کو اعزازی سووینئر پیش کیے گئے، جبکہ منتظمین کی جانب سے پینلسٹس کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
سیمینار میں رجسٹرار جامعہ گوادر ڈاکٹر دولت خان، فیکلٹیز کے ڈینز، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، کالج پرنسپلز، سماجی و سیاسی تنظیموں کے افراد، نجی اسکولوں کے اساتذہ، پریس کلب کے ممبران اور جامعہ گوادر، کالجز اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ سیمینار کو تعلیمی اداروں، سماجی رہنماؤں اور کمیونٹی کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











