تامیرات ٹولا نے بیجنگ میراتھن جیت کر نیا کورس ریکارڈ قائم کر دیا

بیجنگ: ایتھوپیا کے اولمپک چیمپئن تامیرات ٹولا نے 2026 بیجنگ میراتھن جیت کر نیا کورس ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 3 منٹ 10 سیکنڈ میں طے کیا اور سابقہ ریکارڈ تقریباً 4 منٹ کے فرق سے توڑ دیا۔
اس سے قبل بیجنگ میراتھن کا ریکارڈ کینیا کے میتھیو کپکوئچ کسوریو کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 2:07:06 کا وقت درج کرایا تھا۔
دوڑ میں ایتھوپیا کے رنرز نے تینوں پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ مختار ادریس نے 2 گھنٹے 4 منٹ 34 سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ ادانے کبیدے گبرے نے 2 گھنٹے 5 منٹ 10 سیکنڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
35 سالہ تامیرات ٹولا اس سے قبل 2024 پیرس اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں۔
خواتین کی میراتھن میں ایتھوپیا کی اینچینالو ڈیسی جینا نے 2 گھنٹے 20 منٹ 36 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے اپنا اعزاز برقرار رکھا۔
منتظمین کے مطابق اس سال شرکت کے لیے 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی، تاہم شرکا کی تعداد 32 ہزار تک محدود رکھی گئی۔ دوڑ کا آغاز تیانانمن اسکوائر سے ہوا اور اختتام بیجنگ اولمپک پارک میں ہوا۔











