بلوچستان پولیس نے ہینڈ ہیلڈ آئیڈینٹی فکیشن ڈیوائس متعارف کرا دی، آئی جی نے وزیر اعلیٰ کو پیش کی

کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے پولیسنگ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ہینڈ ہیلڈ آئیڈینٹی فکیشن ڈیوائس متعارف کرا دی ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے یہ ڈیوائس وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو پیش کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات بھی موجود تھے۔
اس ڈیوائس کے ذریعے موقع پر ہی شہریوں کی شناخت کی تصدیق اور دستیاب پولیس و کریمنل ریکارڈ تک فوری رسائی ممکن ہوگی، جس سے پولیس اہلکاروں کو شناخت اور ریکارڈ کی جانچ میں سہولت ملے گی۔
یہ ڈیوائس بلوچستان پولیس کے ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پولیسنگ کے روایتی طریقۂ کار کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے پولیس کی استعدادِ کار بڑھانا اور شہریوں کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پولیسنگ میں ڈیجیٹل اصلاحات کے اقدامات کو سراہا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











