اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کا آر ایچ سی پسنی کا دورہ، غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت

گوادر/پسنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ گوادر متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) پسنی کا تفصیلی دورہ کیا اور طبی سہولیات، انتظامی امور اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے او پی ڈی، ایمرجنسی وارڈ، مختلف شعبوں، ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری چیک کی اور غیر حاضر ملازمین کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی کی ہدایت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ADHO) پسنی ڈاکٹر نذیر بلوچ نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، ایمرجنسی ادویات کے کوٹے، دستیاب طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بلا تعطل اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی برقرار رکھنے اور ہسپتال کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
خسرو دلاوری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کے مطابق عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتال میں نظم و ضبط، عملے کی حاضری اور مریضوں کو معیاری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











