آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا پولیس ٹریننگ کالج، سریاب کے تھانوں اور قاسم لائن کا دورہ

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس ٹریننگ کالج، تھانہ نیو سریاب، تھانہ محمود الرحمن سریاب، قاسم لائن اور مشرقی بائی پاس پر اے ٹی ایف کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
پولیس ٹریننگ کالج کے دورے کے موقع پر کمانڈنٹ ڈاکٹر فرحان زاہد نے آئی جی پولیس کو مختلف امور، سکیورٹی انتظامات اور تربیتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس نے کالج میں سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مزید بہتر بنانے اور ضروری اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔
محمد طاہر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بہترین تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے افسران کو سکیورٹی و دیگر انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بلوچستان پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور پولیس امن و امان کے استحکام کے ساتھ جرائم کی بیخ کنی کے لیے بھی سرگرم ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











