زیارت، ہرنائی اور سنجاوی کے وفود کی صوبائی وزیر نور محمد دمڑ سے ملاقات؛ مریض کے آپریشن کے اخراجات کا حکم

کوئٹہ: صوبائی وزیر کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ سے زیارت، ہرنائی اور سنجاوی سے آئے مختلف وفود نے سول سیکرٹریٹ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفود نے اپنے علاقوں کو درپیش عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی کمی، علاقائی ضروریات اور دیگر اہم امور سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی درخواست کی۔ اس موقع پر علاقے کی مجموعی صورتحال، عوامی مشکلات اور ترقیاتی و فلاحی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران ایک مریض کی جانب سے آپریشن کے لیے مالی معاونت کی درخواست پیش کی گئی جس پر حاجی نور محمد دمڑ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مریض کے آپریشن کے اخراجات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحق افراد کی بروقت مدد ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے وفود کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کے عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کے بروقت حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود اور پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
حاجی نور محمد دمڑ نے متعلقہ حکام کو عوامی نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے ان کی کوشش ہے کہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ان کی دہلیز پر کیا جائے اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔ وفود نے مسائل توجہ سے سننے، فوری احکامات جاری کرنے اور مریض کے آپریشن کے اخراجات فراہم کرنے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











