کوئٹہ میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن: 63 پمپس سیل، 72 افراد گرفتار

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کے احکامات پر آبادی والے علاقوں میں قائم غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 63 منی پیٹرول پمپس سیل کر دیے، جبکہ 72 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ کارروائیاں پشتون آباد، جوائنٹ روڈ، سرکی روڈ، فقیر محمد روڈ، میہانگی روڈ، کاسی روڈ، عالموں چوک، ایئرپورٹ روڈ، نوحصار کلی، سمنگلی اور خروٹ آباد سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ آپریشن اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، اسسٹنٹ کمشنر کچلاک کیپٹن (ر) کبیر مزاری اور اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز حسین کھوسہ کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ پشین اسٹاپ واقعے کے بعد آبادی والے علاقوں میں قائم منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور آتشزدگی کے خطرات کے پیش نظر آبادی والے علاقوں میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











