کوئٹہ: صوبائی محتسب کی ٹیم کا سینٹرل جیل کا اچانک دورہ، قیدیوں کے مسائل سنے
کوئٹہ: صوبائی محتسب بلوچستان جناب سعادت اللہ خان بازئی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کی ٹیم نے 23 نومبر 2026 کو سینٹرل جیل کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا۔ وفد میں صوبائی محتسب بلوچستان کے ڈائریکٹرز اور دیگر عملہ شامل تھا۔
جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ
وفد نے جیل کے مختلف وارڈز، خواتین اور کم عمر قیدیوں کے حصوں، ہسپتال، ڈینٹل کلینک، منی لیبارٹری، کچن، لائبریری اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ قیدیوں اور جیل عملے سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔
معائنے کے دوران فجر کی نماز کے لیے وضو کرتے وقت گرم پانی کی عدم دستیابی، صفائی ستھرائی، گنجائش سے زائد قیدیوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی۔
مثبت اقدامات کی تعریف
وفد نے جیل میں قائم خواتین کے لیے دستکاری و ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، کم عمر قیدیوں کی کمپیوٹر و فائن آرٹس کلاسز، لائبریری اور فٹسال گراؤنڈ جیسے مثبت اقدامات کو سراہا۔
وفد نے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو گرم پانی، صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں، جبکہ بجلی کی فراہمی اور دیگر انتظامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے۔ منشیات کی روک تھام اور قیدیوں کی فلاح و بحالی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
دورے کی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات صوبائی محتسب بلوچستان کو پیش کی گئیں تاکہ قیدیوں کے مسائل کے حل اور جیل کے حالات میں بہتری کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔











