نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کا اجلاس

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت آج انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی نصیرآباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی سمیت محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں پولیو مہم کی تیاریوں، انتظامات اور مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مہم کی تیاریاں اور درپیش چیلنجز
اس موقع پر گزشتہ پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی، فیلڈ ٹیموں کو درپیش مشکلات، بچوں تک رسائی، والدین کے تعاون، انکاری والدین کو قائل کرنے اور حساس علاقوں میں درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اس سلسلے میں پولیو ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ، سیکیورٹی کے مناسب انتظامات، مائیکرو پلان پر عملدرآمد اور ہر علاقے میں پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، اس لیے اس اہم مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے، مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر دسمبر کے مہینے میں شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ہر گھرانے تک پولیو سے بچاؤ کا پیغام پہنچایا جا سکے اور ضلع نصیرآباد کو پولیو سے پاک بنانے کے قومی مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











