استامحمد: گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں مڈل سالانہ امتحانات کا معائنہ

استامحمد: ڈپٹی کمشنر استامحمد محمدرمضان پلال کے خصوصی احکامات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مڈل کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں جاری پیپرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور امتحانی عمل کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے امتحانی ہالز میں طلبا کو فراہم کی جانے والی سہولیات، امتحانی انتظامات، عملے کی حاضری اور پیپرز کے شفاف و منظم انعقاد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی نقل، ناجائز ذرائع کے استعمال، بدعنوانی اور غیر ضروری مداخلت کی روک تھام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبا کی تعلیمی قابلیت اور محنت کو جانچنے کے لیے امتحانات کا شفاف انعقاد انتہائی ضروری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور طلبا کو پرامن، سازگار اور تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ پوری توجہ اور اطمینان کے ساتھ اپنے امتحانات دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، امتحانی نظام میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کے رجحان کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ امتحانات کی مسلسل نگرانی کا مقصد تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، میرٹ اور معیاری تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے۔











