کوئٹہ: وفاقی محتسب کی کارروائی، درخواست گزار کو گمشدہ پارسل واپس دلوا دیا گیا
کوئٹہ: سید رحمت نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان پوسٹ کے ذریعے ایک پارسل بھیجا تھا جو متعلقہ شخص تک نہیں پہنچ سکا۔ متعدد بار متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی۔ درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔
سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ اس پر وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔
احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کا مسئلہ فوری طور پر حل کرتے ہوئے ان کا گمشدہ پارسل واپس دلوا دیا۔ درخواست گزار نے اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔











