بوائز ہائی اسکول جدید گوادر کی خستہ عمارت کی مرمت آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرائیں گے: مولانا ہدایت الرحمٰن

گوادر: رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول جدید گوادر کا دورہ کیا، این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نزیر احمد بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے پرنسپل طارق محمود اور اساتذہ سے ملاقات کی اور اسکول کے تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
پرنسپل طارق محمود نے انہیں اسکول کی عمارت کی خستہ حالی اور فوری مرمت کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول کی ضروری مرمت و بحالی کا منصوبہ آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
رکن صوبائی اسمبلی نے اساتذہ پر زور دیا کہ تدریسی عمل کے معیار اور کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جائے، اپنی حاضری اور پابندیِ وقت یقینی بنائیں اور تمام تر توجہ طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت پر مرکوز رکھیں، جبکہ طلبہ اپنی صلاحیتیں حصولِ علم، کردار سازی اور روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور تعلیمی اداروں میں بہتر ماحول، بنیادی سہولیات اور مؤثر تدریسی نظام کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











