نصیرآباد میں ہیپاٹائٹس سی کے خلاف آگاہی ریلی، 12 روزہ مہم میں ایک لاکھ 90 ہزار افراد کی اسکریننگ ہوگی

نصیرآباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور نصیرآباد جرگہ کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔ صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی کی کاوشوں سے ضلع نصیرآباد میں وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص و علاج پروگرام کے آغاز کے سلسلے میں آگاہی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر چھتر بشیر احمد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے کی۔ ریلی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہو کر سول ہسپتال پہنچی، جہاں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ بھی کی گئی۔ شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حضور بخش مینگل، سیاسی و مذہبی رہنما حاجی رحمت اللہ بنگلزئی، ڈی پی سی شبیر احمد مری، حیدر علی، ایم این سی ایچ کوآرڈینیٹر سعید احمد اور ثناء اللہ چکھڑا سمیت محکمہ صحت کے افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
52 ٹیمیں گھر گھر اسکریننگ کریں گی
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز جمالی نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12 روزہ مہم کے دوران ایک لاکھ 90 ہزار افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ، تشخیص، مفت علاج اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے 52 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گلی محلوں اور دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر عوام کی اسکریننگ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد کی ابتدائی رپورٹ مثبت آئے گی، ان کے پی سی آر ٹیسٹ اور مکمل علاج بھی حکومتی احکامات کے مطابق مفت فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی صحت پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نصیرآباد بشیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے اور محکمہ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











